کسبِ معاش کے آداب
س…قرآن و سنت کی رُو سے مستقبل کی منصوبہ بندی (اپنی ذات کے لئے) کیسی ہے؟ یعنی جائز ذرائع سے مستقبل کے لئے دولت کا جمع کرنا، اپنی آئندہ نسلوں کے لئے سہولیات اور آسانیاں بہم پہنچانا، فراوانیٴ رزق کے لئے کوششیں کرنا، جبکہ ہمارا عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی ہمارا رازق اور خالق ہے۔ میری مراد یہ نہیں کہ انسان ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا رہے، بلکہ بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی اور اس کے لئے کوششیں کرنا ہے۔ مولانا صاحب اس سے ہمارے معاشرے میں کافی برائیاں پیدا ہو رہی ہیں۔
ج… جو شخص حلال ذریعہ سے مال کمائے اور شریعت نے مال کے جو حقوق مقرر فرمائے ہیں، وہ بھی ٹھیک طور پر ادا کرتا رہے، اسی کے ساتھ یہ کہ مال کمانے میں ایسا منہمک نہ ہو کہ آخرت کی تیاری سے غفلت اور فرائضِ شرعیہ کی بجاآوری میں سستی واقع ہوجائے۔ ان تین شرائط کے ساتھ اگر مال کماکر اولاد کے لئے چھوڑ جائے تو کوئی گناہ نہیں، لیکن اگر ان تین میں سے کسی ایک شرط میں کوتاہی کی تو یہ کمایا ہوا مال اس شخص کے لئے قبر میں بھی اور حشر میں بھی وبال بن جائے گا۔ مال کے بارے میں کتاب و سنت کی تعلیمات کا خلاصہ میں نے ذکر کردیا، اس کی شرح کے لئے ایک دفتر چاہئے۔