Home » » آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیاں

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیاں


آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیاں
س… بعض لوگ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک ہی لڑکی سیدہ فاطمہ تھیں۔ جبکہ میں نے پڑھا ہے کہ آپ کی چار لڑکیاں تھیں اور لڑکا ابراہیم تھا جو مدینہ منورہ میں وفات پاگئے، لڑکیوں میں سیدہ فاطمہ کا نکاح شیر خدا حضرت علی سے ہوا، جبکہ سیدہ رقیہ، سیدہ زینب کا نکاح حضرت عثمان غنی سے ہوا، چوتھی لڑکی کا علم نہیں، آپ یہ بتائیں کہ یہ چاروں کس کے بطن سے پیدا ہوئی ہیں؟ اور نکاح کن سے ہوا؟ اور وفات کہاں پائی؟ اور اگر ان کے بطن سے کوئی اور اولاد ہوئی ہو تو وہ بھی بتادیں، کیا ان میں سے کسی کا نکاح عرشِ معلی پر باندھا گیا تھا یا نہیں؟ جواب سے مطلع فرمائیں۔
ج… آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیاں تو چار تھیں، سب سے بڑی سیدہ زینب رضی اللہ عنہا، ان کا نکاح حضرت ابوالعاص رضی اللہ عنہ سے ہوا، اور ان سے چھوٹی سیدہ رقیہ رضی اللہ عنہا اور ان سے چھوٹی سیدہ ام کلثوم رضی اللہ عنہا، ان دونوں کا نکاح یکے بعد دیگرے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے ہوا، اس بنا پر ان کا لقب ذوالنورین ہے، سب سے چھوٹی سیدہ فاطمہ زہرا خاتونِ جنت ہیں، رضی اللہ عنہا، ان کا عقد حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے ہوا۔
صاحبزادوں کی تعداد میں اختلاف ہے، بعض نے پانچ لکھے ہیں، قاسم، عبداللہ، طیب، طاہر، ابراہیم رضی اللہ عنہم۔ اول الذکر چاروں حضرت خدیجة الکبریٰ رضی اللہ عنہا کے بطن سے تھے، اور حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ آپ کی حرم حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ عنہا کے بطن سے تھے، بعض حضرات فرماتے ہیں کہ طیب و طاہر حضرت عبداللہ ہی کے لقب ہیں۔ رضی اللہ عنہم۔
Share this article :
 

Copyright © 2011. Al Asir Channel Urdu Islamic Websites Tarjuman Maslak e Deoband - All Rights Reserved
Template Created by piscean Solutions Published by AL Asir Channel
Proudly powered by AL Asir Channel