Home » » انبیاء علیہم السلام اور صحابہ رضی اللہ عنہم کے ناموں کے ساتھ کیا لکھا جائے؟

انبیاء علیہم السلام اور صحابہ رضی اللہ عنہم کے ناموں کے ساتھ کیا لکھا جائے؟


انبیاء علیہم السلام اور صحابہ رضی اللہ عنہم کے ناموں کے ساتھ
کیا لکھا جائے؟
س… آٹھویں جماعت کی انگریزی کی کتاب (انگلش میڈیم) میں ایک سبق ہے: “حضرت علی” اور بریکٹ میں Peace Be Upon Him لکھا ہوا ہے، جو “صلی اللہ علیہ وسلم” کا انگلش ترجمہ ہے۔ اسی طرح فارسی کی ہشتم جماعت کی کتاب میں حضرت علی اور حضرت امام حسین کے ساتھ “علیہ السلام” لکھا ہوا ہے، کیا پیغمبروں کے علاوہ صحابہ کبار کے ساتھ یہ الفاظ استعمال کئے جاسکتے ہیں؟ اگر اس کا جواب نفی میں ہے تو آپ اپنے موٴقر جریدے کی وساطت سے اسے نصاب کمیٹی اور اعلیٰ حکام و عمال حکومت کے نوٹس میں لائیں۔
ج… اہل سنت والجماعت کے یہاں “صلی اللہ علیہ وسلم” اور “علیہ السلام” انبیاء کرام کے لئے لکھا جاتا ہے، صحابہ کے لئے “رضی اللہ عنہ” لکھنا چاہئے اور حضرت علی کے نام نامی پر “کرم اللہ وجہہ” بھی لکھتے ہیں، متعلقہ حضرات کو آپ کی اس تنبیہ پر شکریہ کے ساتھ غور کرنا چاہئے۔
خلفائے راشدین میں چار خلفاء کے علاوہ دوسرے خلفاء
کیوں شامل نہیں؟
س… دینی طور پر جب خلفائے راشدین کا ذکر آتا ہے تو اس سے مراد صرف چار خلفائے راشدین لئے جاتے ہیں، یعنی حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ، حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ اور حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ، اس کے بعد حضرت امام حسن اور حضرت امیر معاویہ جو کہ دونوں صحابی ہیں، ان کا نام کیوں نہیں شامل کیا جاتا؟ حالانکہ یہ بھی خلفائے راشد ہیں اور حضرت عمر بن عبدالعزیز کا دور بھی نہایت مثالی دور رہا ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ خاص طور پر جو چار خلفاء کو حق چار یار کہا جاتا ہے، آپ قرآن و حدیث سے ان چار خلفاء کی خصوصیت کو ثابت کرکے جواب دیں، اور یہ بھی کہ حضرت امام حسن اور حضرت امیر معاویہ کا ان کے ساتھ کیوں نہیں ذکر کیا جاتا؟
ج… “خلافت علیٰ منہاج النبوة” کے لئے دیگر اوصاف کے ساتھ ہجرت شرط تھی، جس کی طرف سورہٴ النور کی آیت استخلاف میں اشارہ فرمایا گیا ہے۔ اور یہ شرط صرف چاروں خلفائے راشدین میں پائی گئی ہے۔ حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کی خلافت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی خلافت کا تتمہ تھی، جس سے خلافت نبوت کے تیس سال پورے ہوئے، جس کی تصریح حدیث نبوی: “خلافة النبوة ثلاثون سنة” میں آئی ہے، یعنی خلافتِ نبوت تیس سال ہوگی۔ یہ ترمذی اور ابوداوٴد کی روایت ہے۔ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ میں چونکہ ہجرت کی شرط نہیں پائی گئی اس لئے ان کا شمار خلفائے راشدین رضی اللہ تعالیٰ عنہم میں نہیں کیا جاتا۔ ان کی خلافت، خلافتِ عادلہ تھی اور حضرت عمر بن عبدالعزیز چونکہ صحابی نہیں تابعی ہیں، اس لئے ان کی خلافت بھی خلافتِ راشدہ نہیں کہلاتی، البتہ خلافتِ راشدہ کے مشابہ تھی۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے قول کا (اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو فلاں ہوتا) کا مصداق کون ہے؟
س… واضح حوالہ کے ساتھ یہ بتائیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سے صحابی کے بارے میں فرمایا تھا کہ: اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو وہ فلاں ہوتے۔
ج… حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں فرمایا تھا: “لو کان نبی بعدی لکان عمر بن الخطاب۔” (ترمذی ج:۲ ص:۲۰۹)
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی تاریخ ولادت و وفات
س… امیرالموٴمنین سیدنا حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تاریخ ولادت اور تاریخ وفات کون سی ہے؟
ج… ولادت کی تاریخ معلوم نہیں، وفات شب سہ شنبہ ۲۲/جمادی الاخریٰ ۱۳ھ مطابق ۲۳/اگست ۶۳۴ء بہ عمر ۶۳ سال ہوئی۔ اس سے معلوم ہوا کہ ہجرت سے پچاس سال پہلے ولادت ہوئی۔
Share this article :
 

Copyright © 2011. Al Asir Channel Urdu Islamic Websites Tarjuman Maslak e Deoband - All Rights Reserved
Template Created by piscean Solutions Published by AL Asir Channel
Proudly powered by AL Asir Channel