Home » » حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی تائید میں نزولِ قرآن

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی تائید میں نزولِ قرآن


حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی تائید میں نزولِ قرآن
س… سوال یہ ہے کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی کس رائے کے حق میں قرآن میں آیتیں نازل ہوئیں؟
ج… حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کو یہ سعادت کئی مرتبہ حاصل ہوئی کہ وحیِ خداوندی نے ان کی رائے کی تائید کی۔ حافظ جلال الدین سیوطی نے “تاریخ الخلفاء” میں ایسے بیس اکیس مواقع کی نشاندہی کی ہے، اور امام الہند شاہ ولی اللہ محدث دہلوی قدس سرہ نے “ازالة الخفاء عن خلافة الخلفاء” میں دس گیارہ واقعات کا ذکر کیا ہے، ان میں سے چند یہ ہیں:
۱:…حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی رائے یہ تھی کہ جنگِ بدر کے قیدیوں کو قتل کیا جائے، اس کی تائید میں سورة الانفال کی آیت:۶۷ نازل ہوئی۔
۲:…منافقوں کا سرغنہ، عبداللہ بن اُبیّ مرا تو آپ کی رائے تھی کہ اس منافق کا جنازہ نہ پڑھایا جائے، اس کی تائید میں سورة التوبہ کی آیت:۸۴ نازل ہوئی۔
۳:…آپ مقامِ ابراہیم کو نمازگاہ بنانے کے حق میں تھے، اس کی تائید میں سورہٴ بقرہ کی آیت:۱۲۵ نازل ہوئی۔
۴:…آپ ازواجِ مطہرات کو پردہ میں رہنے کا مشورہ دیتے تھے، اس پر سورہٴ احزاب کی آیت:۵۳ نازل ہوئی اور پردہ لازم کردیا گیا۔
۵:…ام الموٴمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا پر جب بدباطن منافقوں نے نارَوا تہمت لگائی اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے (دیگر صحابہ کے علاوہ) حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے بھی رائے طلب کی، آپ نے سنتے ہی بے ساختہ کہا: “توبہ! توبہ! یہ تو کھلا بہتان ہے!” اور بعد میں انہی الفاظ میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی برأت نازل ہوئی۔
۶:…ایک موقع پر آپ نے ازواجِ مطہرات کو فہمائش کرتے ہوئے ان سے کہا کہ اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تمہیں طلاق دے دیں تو اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تم سے بہتر بیویاں عطا کردے گا، اس کی تائید میں سورة التحریم کی آیت نمبر:۵ نازل ہوئی، وغیرہ وغیرہ۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی ولادت و شہادت
س… امیرالموٴمنین سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی تاریخ ولادت اور تاریخ شہادت کون سی ہے؟
ج… ولادت ہجرت سے چالیس سے قبل ہوئی۔ ۲۶/ذی الحجہ ۲۳ھ بروز چہارشنبہ مطابق ۳۱/اکتوبر ۶۴۴ء کو نمازِ فجر میں ابولوٴلوٴ مجوسی کے خنجر سے زخمی ہوئے، تین راتیں زخمی حالت پر زندہ رہے، ۲۹/ذی الحجہ (۳/نومبر) کو وصال ہوا۔ یکم محرم ۲۴ھ کو روضہٴ اطہر میں آسودہٴ خاک ہوئے، حضرت صہیب نے نماز جنازہ پڑھائی۔
حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے خلاف بہتان تراشیاں
س… میں نے آج سے کچھ عرصہ پہلے جمعہ کے وعظ کے دوران ایک واقعہ امام صاحب سے سنا تھا۔ وہ یہ ہے کہ: “حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو قبر میں عذاب ہوا، (معاذ اللہ!) جس سے ان کی پنڈلی کے ٹوٹنے کی آواز باہر تک لوگوں نے سنی، اس عذاب کی وجہ یہ تھی کہ ان پر ایک دفعہ پیشاب کا ایک چھینٹا پڑ گیا تھا۔”
جنابِ عالی! اس وقت تو مجھے اتنا شعور نہیں تھا، لیکن آج میں اس واقعہ پر غور کرتا ہوں تو میرا دل نہیں مانتا کہ یہ واقعہ سچ ہوگا، لیکن پھر یہ بھی سوچتا ہوں کہ یہ واقعہ ایک عالم دین کی زبانی سنا ہے، عجیب کشمکش کا شکار ہوں، امید ہے آپ میری اس کشمکش کو دور فرمادیں گے، میرے خیال میں یہ واقعہ صریحاً غلط ہے۔
ج… مجھے حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے بارے میں ایسے کسی واقعہ کا علم نہیں، پہلی بار آپ کی تحریر میں پڑھا، میں اس کو صریحاً غلط اور بہتان عظیم سمجھتا ہوں، ان واعظ صاحب سے حوالہ دریافت کیجئے۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا کشف
س… بہت سے عالموں سے سنا ہے کہ خلیفہٴ دوم حضرت عمر فاروق جمعہ کا خطبہ دے رہے تھے اور ملک شام میں ان کی فوج کافروں سے لڑ رہی تھی، حضرت عمر فاروق نے خطبہ پڑھتے پڑھتے فوج کے جرنیل ساریہ کو فرمایا کہ: “اے ساریہ! پہاڑ کو سنبھالو” چنانچہ ساریہ نے عمر فاروق کی آواز سنی، اور پہاڑ کو سنبھالا، اس طرح ان کو فتح نصیب ہوئی۔ کیا یہ صحیح ہے؟
ج… یہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا کشف اور کرامت تھی، یہ واقعہ حدیث کی کتابوں میں موجود ہے۔ (دیکھئے: حیاة الصحابہ ج:۳ ص:۵۶۸، الاصابہ ج:۲ ص:۳، البدایہ والنہایہ ج:۷ ص:۱۳۱)۔
Share this article :
 

Copyright © 2011. Al Asir Channel Urdu Islamic Websites Tarjuman Maslak e Deoband - All Rights Reserved
Template Created by piscean Solutions Published by AL Asir Channel
Proudly powered by AL Asir Channel