غیرمسلم اور کلیدی عہدے
س… ایک گروہ کہتا ہے کہ: “کافر کو کافر نہ کہو” کیا ان کا یہ قول درست ہے؟
ج… قرآن کریم نے تو کافروں کو کافر کہا ہے!
س… کیا اسلامی مملکت میں کفار و مرتدینِ اسلام کو کلیدی عہدے دئیے جاسکتے ہیں؟ اگر جواب نفی میں ہو تو یہ بتائیے کہ ان لوگوں کے اسلامی مملکت میں کلیدی عہدوں پر فائز ہونے کی صورت میں اس اسلامی مملکت پر کیا فرائض عائد ہوتے ہیں؟
ج… غیرمسلموں کو اسلامی مملکت میں کلیدی عہدوں پر فائز کرنا بنص قرآن ممنوع ہے۔
مسلمان کی جان بچانے کے لئے غیرمسلم کا خون دینا
س… کسی مسلمان کی جان بچانے کے لئے کسی غیرمسلم کا خون دینا جائز ہے یا ناجائز؟
ج… جائز ہے۔
غیرمسلم کی امداد
س… ایک غیرمسلم کی مدد کرنا اسلام میں جائز ہے؟ میرے ساتھ کچھ کرسچین عیسائی مذہب کے لوگ کام کرتے ہیں، جو اکثر و بیشتر مجھ سے مالی امداد کا تقاضا کرتے ہیں، یہ امداد کبھی بطورِ قرض ہوتی ہے، کبھی وہ روپیہ لے کر واپس نہیں کرتے، ایسی صورت میں کیا واقعی مجھے مدد کرنا چاہئے؟
ج… غیرمسلم اگر مدد کا محتاج ہو اور اپنے اندر مدد کرنے کی سکت ہو تو ضرور کرنی چاہئے، حسن سلوک تو خواہ کسی کے ساتھ ہو اچھی بات ہے، البتہ جو کافر، مسلمانوں کے درپے آزار ہوں ان کی اعانت و مدد کی اجازت نہیں۔