حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی تاریخ شہادت و عمر شریف
س… امیرالموٴمنین سیدنا حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی تاریخ ولادت اور تاریخ شہادت کون سی ہے؟
ج… تاریخ شہادت میں متعدد اقوال ہیں، مشہور قول ۱۸/ذی الحجہ ۳۵ھ (۱۷/جون ۶۵۶ء) بروز جمعہ کا ہے، عمر مبارک مشہور قول کے مطابق ۸۲ سال تھی۔
حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کا نکاح حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا سے آسمانی وحی سے ہوا
س… کیا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو فرمایا تھا کہ سیدہ ام کلثوم رضی اللہ عنہا کا نکاح اللہ تعالیٰ نے آپ سے کردیا؟
ج… طبرانی کی روایت ہے کہ: “میں نے عثمان سے ام کلثوم کا نکاح نہیں کیا مگر آسمانی وحی کے ساتھ۔” اور ابن ماجہ کی روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عثمان سے فرمایا کہ: “یہ جبریل بتارہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ام کلثوم کے ساتھ تیرا عقد کردیا ہے، رقیہ کے مہر جتنے مہر کے ساتھ۔” (مجمع الزوائد ج:۹ ص:۸۳ میں اس مضمون کی متعدد روایتیں ہیں، اور طبرانی کی مذکورہ بالا روایت کو حسن کہا ہے)۔