Home » » آپکے مسائل اور انکا حل ( معراج جسمانی کا ثبوت

آپکے مسائل اور انکا حل ( معراج جسمانی کا ثبوت


معراج جسمانی کا ثبوت
س… حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو معراج جسمانی ہوئی یا روحانی؟ برائے کرم تفصیلی جواب سے نوازیں۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جسمانی معراج حاصل نہیں ہوئی تھی۔
ج… حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی “نشر الطیب” میں لکھتے ہیں:
“تحقیق سوم:… جمہور اہل سنت و جماعت کا مذہب یہ ہے کہ معراج بیداری میں جسد کے ساتھ ہوئی اور دلیل اس کی اجماع ہے اور مستند اس اجماع کا یہ امور ہوسکتے ہیں ․․․․․ (آگے اس کے دلائل فرماتے ہیں)۔” (نشر الطیب ص:۸۰ مطبوعہ سہارنپور)
اور علامہ سہیلی “الروض الانف شرح سیرت ابن ہشام” میں لکھتے ہیں کہ:
“مہلب نے شرح بخاری میں اہل علم کی ایک جماعت کا قول نقل کیا ہے کہ معراج دو مرتبہ ہوئی، ایک مرتبہ خواب میں، دوسری مرتبہ بیداری میں جسد شریف کے ساتھ۔”
(ج:۱ ص:۲۴۴)
اس سے معلوم ہوا کہ جن حضرات نے یہ فرمایا کہ معراج خواب میں ہوئی تھی، انہوں نے پہلے واقعہ کے بارے میں کہا ہے، ورنہ دوسرا واقعہ جو قرآن کریم اور احادیث متواترہ میں مذکور ہے، وہ بلاشبہ بیداری کا واقعہ ہے۔
معراج میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حاضری کتنی بار ہوئی؟
س… حضور صلی اللہ علیہ وسلم معراج کی رات (شبِ معراج) اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کتنی بار حاضر ہوئے؟
ج… پہلی بار کی حاضری تو تھی ہی، نو (۹) بار حاضری نمازوں کی تخفیف کے سلسلے میں ہوئی، ہر بار کی حاضری پر پانچ نمازیں کم ہوتی رہیں، اس طرح دس بار حاضری ہوئی۔
کیا معراج کی رات حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے
اللہ تعالیٰ کو دیکھا ہے؟
س… کیا معراج کی رات میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کو دیکھا ہے؟
ج… اس مسئلہ میں صحابہ کرام کا اختلاف چلا آتا ہے، صحیح یہ ہے کہ دیکھا ہے، مگر دیکھنے کی کیفیت معلوم نہیں۔
کیا شبِ معراج میں حضرت بلال آپ صلی اللہ علیہ وسلم
کے ساتھ تھے؟
س… کیا آتی دفعہ حضرت بلال، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے یا کہ پہلے آئے یا بعد میں؟
ج… شبِ معراج میں حضرت بلال، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے رفیقِ سفر نہیں تھے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم معراج سے واپس کس چیز پر آئے تھے؟
س… ہم دوستوں میں ایک بحث ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم معراج پر جاتی دفعہ تو براق پر گئے، مگر واپسی میں براق پر آئے تھے یا براہِ راست آگئے تھے؟
ج… اس کی کوئی تصریح تو نظر سے نہیں گزری بظاہر جس ذریعہ سے آسمان پر تشریف بَری ہوئی اسی ذریعہ سے آسمان سے واپس تشریف آوری بھی ہوئی ہوگی۔
Share this article :
 

Copyright © 2011. Al Asir Channel Urdu Islamic Websites Tarjuman Maslak e Deoband - All Rights Reserved
Template Created by piscean Solutions Published by AL Asir Channel
Proudly powered by AL Asir Channel