بلاتحقیق حدیث کا انکار کرنا
س… میں نے ایک حدیث مبارک پڑھی تھی کہ جب آدمی زنا کرتا ہے تو ایمان اس کے پاس سے نکل کر اس کے سر پر لٹکتا رہتا ہے، پھر جب وہ فراغت کے بعد پشیمان ہوتا ہے تو ایمان واپس آجاتا ہے۔
یہ حدیث میں نے اپنے ایک دوست کو اس وقت سنائی جب زنا کا موضوع زیر گفتگو تھا، اور ساتھ ہی یہ بتایا کہ یہ حدیث ہے، تو اس نے جواب دیا کہ: “چھوڑو! یہ مولویوں کی گھڑی ہوئی باتیں ہیں۔”
پہلا سوال یہ ہے کہ یہ حدیث مسند اور معتبر ہے یا ضعیف؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ میرے دوست کا یہ کہنا کہ یہ مولویوں کی گھڑی ہوئی باتیں ہیں، کہاں تک صحیح ہے؟ اس کا جواب ذرا وضاحت اور تفصیل سے دیجئے گا۔
ج… یہ حدیث مشکوٰة شریف (ص:۱۷) پر صحیح بخاری کے حوالے سے نقل کی گئی ہے، آپ کے دوست کا اس کو “مولویوں کی گھڑی ہوئی باتیں” کہنا، جہالت کی بات ہے۔ ان کو اس سے توبہ کرنی چاہئے اور بغیر تحقیق کے ایسی باتیں کہنے سے پرہیز کرنا چاہئے، ورنہ بعض اوقات ایمان ضائع ہوجاتا ہے۔