Home » » غیرمسلم کو قرآن دینا

غیرمسلم کو قرآن دینا


غیرمسلم کو قرآن دینا
س… قرآن پاک انگریزی ترجمے کے ساتھ اگر کوئی غیرمسلم پڑھنے کے لئے مانگے تو کیا اس کو قرآن پاک دینا جائز ہے یا نہیں؟
ج… اگر اطمینان ہو کہ وہ قرآن مجید کی بے حرمتی نہیں کرے گا تو دینے میں کوئی حرج نہیں، اس سے کہا جائے کہ غسل کرکے اس کی تلاوت کیا کرے۔
غیرمسلم والدین اور عزیزوں سے تعلقات
س… میری تمام برادری کا تعلق ․․․․․․․․․ کافر طبقہ سے ہے، اور میں الحمدللہ! حضور رسالت مآب کے دامن رحمت کے نمک خواروں میں سے ہوں۔ حنفی مسلک کی رُو سے مستند حوالہ جات سے فرمائیے کہ میرا ان لوگوں کے ساتھ ملنا جلنا، رشتہ داری، لین دین ہونا چاہئے کہ نہیں؟ عرصہ پانچ سال سے میرا اپنے دل کی آواز سے ان لوگوں سے خاص طور پر میل ملاپ قطعاً بند ہے، شریعتِ مطہرہ کی رُو سے یہ بھی بتائیے کہ میرا اپنے والد کے ساتھ عمل کیسا ہونا چاہئے کہ جن کا تعلق بھی اسی کافر طبقے سے ہے؟ وہ قطعاً میری تبلیغ کا اثر نہیں لیتے بلکہ پیٹھ پیچھے مجھے بددعائیں اور گالیاں نکالتے ہیں، کیا مذہبی فرق کے ناطے سے جو گالیاں، بددعا مجھے پڑتی ہے کیا ان کی بھی کوئی حیثیت ہے کہ نہیں؟
ج… والدین اگر غیرمسلم ہوں اور خدمت کے محتاج ہوں تو ان کی خدمت ضرور کرنی چاہئے، لیکن ان سے محبت کا تعلق نہیں ہونا چاہئے، اسی طرح ایسے عزیز و اقارب سے بھی دوستانہ و برادرانہ تعلق جائز نہیں۔ آپ کے والدین کی بددعاوٴں اور گالیوں کا آپ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ وہ اس طرزِ عمل سے خود اپنے جرم میں اضافہ کرتے ہیں۔
غیرمسلم رشتہ دار سے تعلقات
س… میرے ایک عزیز کی شادی ہندو گھرانے میں ہوئی، لڑکی مسلمان ہوگئی اب ان ہندو لوگوں سے تعلقات ہوگئے ہیں، ان کے گھر میں آمد و رفت ہوتی ہے، اب ان کے گھر میں کھانے پینے کی کیا صورت ہوگی؟ کیا ان کے گھروں میں ہر قسم کا کھانا کھاسکتے ہیں؟
ج… غیرمسلم کے گھر کھانا کھانے میں کوئی مضائقہ نہیں، بشرطیکہ یہ اطمینان ہو کہ وہ کھانا حلال اور پاک ہے، البتہ کسی غیرمسلم سے محبت اور دوستی کا تعلق جائز نہیں۔
غیرمسلم کے ساتھ دوستی
س… غیرمسلم کے ساتھ دعا سلام اور ان کو اپنے برتن میں کھلانا پلانا جائز ہے یا نہیں؟
ج… غیرمسلم کے ساتھ کھانا پینا جائز ہے، مگر ان سے دوستی اور محبت جائز نہیں، ہم میں اور ان میں عقائد و اعمال کا فرق ہے۔
غیرمسلم کا کھانا جائز ہے، لیکن اس سے دوستی جائز نہیں
س… میرا ایک دوست عیسائی ہے، میرا اس کے گھر روزانہ کا آنا جانا ہے، اکثر وہ مجھے کھانا بھی کھلا دیتا ہے۔ کیا کسی غیرمسلم کے یہاں کھانا کھالینا جائز ہے یا نہیں؟ کیونکہ جس پلیٹ میں ہم کھانا کھاتے ہیں ان میں اکثر وہ لوگ سور وغیرہ بھی کھاتے ہیں۔
ج… برتن اگر پاک ہوں اور کھانا بھی حلال ہو تو غیرمسلم کا کھانا جائز ہے، مگر غیرمسلم سے دوستی جائز نہیں۔
Share this article :
 

Copyright © 2011. Al Asir Channel Urdu Islamic Websites Tarjuman Maslak e Deoband - All Rights Reserved
Template Created by piscean Solutions Published by AL Asir Channel
Proudly powered by AL Asir Channel