غیرمسلم کا ہدیہ قبول کرنا
س… یہاں پر اکثر غیرمسلم ہندو، عیسائی، سکھ وغیرہ رہتے ہیں، لیکن جب ان میں سے کسی کا کوئی تہوار یا اور کوئی دن آتا ہے تو یہ حضرات اپنے اسٹاف کے حضرات کو خوشی میں کچھ مشروبات اور دیگر اشیاء وغیرہ نوش کرنے کے لئے دیتے ہیں، کیا ایسے موقع پر ان کا کھانا پینا مسلمانوں کے لئے درست ہے یا نہیں؟
ج… غیرمسلم کا ہدیہ قبول کرنا جائز ہے، بشرطیکہ ناپاک نہ ہو۔
ہندو کی کمائی حلال ہو تو اس کی دعوت کھانا جائز ہے
س… ہندو، مسلمان اگر آپس میں دوست ہوں اور ہندو جائز پیشہ کرتا ہو اور ہندو دوست، مسلمان دوست کو کھلاتا پلاتا ہو تو کیا مسلمان دوست کو ہندو دوست کی چیزیں کھانا پینا جائز ہے؟ اگر جائز نہیں تو پھر مسلمان حرام کھانے کی وعیدوں میں شامل ہوگا۔
ج… ہندو کی کمائی اگر حلال طریقہ سے ہو تو اس کی دعوت کھانا جائز ہے۔
غیرمسلم کے ساتھ کھانا پینا اور ملنا جلنا
س… ہم نے مسافروں کے پانی پینے کے لئے ٹھنڈے مٹکوں کی سبیل بنارکھی ہے، ایک دن ایک عیسائی نے ہمارے مٹکوں میں سے پانی نکال کر اپنے گلاس میں پیا اور ہم نے اس سے کہا کہ آئندہ یہاں سے پانی نہ پیا کریں۔ اس نے کہا: میں اس چیز کی معافی چاہتا ہوں۔ چنانچہ وہاں پر ایک عالم موجود تھا اور میں نے اس سے پوچھا کہ یہ واقعہ ابھی آپ کے سامنے ہوا ہے، کیا پانی گرادیا جائے یا نہیں؟ اس نے کہا کہ: پانی گرادیں اور یہ بھی کہا کہ: اہل کتاب کے ساتھ آپ کھاپی سکتے ہیں۔ اب عیسائیوں کے ساتھ کھانا پینا اور ان کا ہمارے برتن کو ہاتھ لگانا کیسا ہے؟ خدا کے لئے اس کا جواب ضروری دیں تاکہ ہماری اصلاح ہوجائے۔
ج…کسی غیرمسلم کے پانی لینے سے برتن اور پانی ناپاک نہیں ہوجاتا ․․․ کسی غیرمسلم کو آپ اپنے دسترخوان پر کھانا بھی کھلاسکتے ہیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دسترخوان پر غیرمسلم بھی کھانا کھاتے تھے، غیرمسلم سے دوستانہ الفت و محبت جائز نہیں۔