Home » » اسلام دوسرے مذاہب سے کن کن باتوں میں افضل ہے

اسلام دوسرے مذاہب سے کن کن باتوں میں افضل ہے


اسلام دوسرے مذاہب سے کن کن باتوں میں افضل ہے؟
س… قریب قریب دنیا کے سارے مذاہب انسانی فلاح و ابدی سکون (بہتر آخرت) کی ہدایات دیتے رہتے ہیں، بے شک اسلام دنیا کا آخری اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے آیا ہوا سچا مذہب ہے۔ جس کی گواہی دنیا کے بڑے بڑے مذاہب اور توریت، انجیل اور زبور سے ملتی ہے، ذرا تفصیل سے بتائیں کہ اسلام کی کون سی چیز اور کون سے حقائق اسے دوسرے مذاہب سے افضل تر بتاتے ہیں؟
ج… ایک تابعی نے ام الموٴمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے عرض کیا تھا کہ مجھے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی بہت ہی عجیب سی بات بتائیے، جواب میں انہوں نے فرمایا: بیٹا! آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی کون سی بات ایسی ہے جو عجیب نہیں تھی!
ام الموٴمنین کا یہی ارشاد آپ کے سوال کا جواب ہے، آپ دریافت فرماتے ہیں کہ اسلام کس بات میں دوسرے مذاہب سے افضل ہے؟
ہماری گزارش یہ ہے کہ اسلام کی کون سی چیز دوسرے مذاہب سے افضل و برتر نہیں؟ عقائد و عبادت کی جو تفصیل اسلام نے پیش کی ہے، کیا دنیا کا کوئی مذہب یہ تفصیل پیش کرتا ہے؟ اخلاق، معاملات، معاشرت اور سیاست کے بارے میں اسلام نے جو تفصیلی ہدایات عطا کی ہیں، کیا یہ ہدایات کسی دوسرے مذہب کی کتابوں میں ڈھونڈنے سے بھی ملتی ہیں؟
پھر اسلام اپنے ہر حکم میں جو کامل اعتدال ملحوظ رکھتا ہے، کیا دنیا کے کسی مذہب میں اس اعتدال کی نظیر ملتی ہے؟ اور ساری باتوں کو چھوڑ کر آپ صرف ایک نکتہ پر غور فرمائیے کہ وہ تمام بڑے بڑے مذاہب جو آج دنیا میں موجود ہیں، انہوں نے کسی نہ کسی شکل میں انسان کا سر مخلوق کے آگے جھکایا، کسی نے آگ اور پانی کے سامنے، کسی نے حیوانات کے سامنے، کسی نے سورج چاند اور اجرامِ فلکی کے سامنے، اور کسی نے خود انسانی ہستیوں کے آگے، اسلام دنیا کا وہ واحد مذہب ہے جس نے انسان کو “اشرف المخلوقات” کا بلند ترین منصب عطا کیا، اس کے صحیح مقام سے آگاہ کیا، اور اسے اپنے جیسی مخلوق کی بندگی سے نجات دلاکر خالق کائنات کی بندگی کی راہ دکھائی۔ اسلام ہی نے دنیا کو بتایا کہ انسان کائنات کی پرستش کے لئے نہیں بلکہ خود کائنات اس کی خدمت کے لئے ہے، یہ اسلام کا انسانیت پر وہ احسان ہے جس کے شکر سے وہ کبھی عہدہ برآ نہیں ہوسکتی، اور یہ اسلام کا وہ طرہٴ امتیاز ہے جس میں دنیا کا کوئی مذہب اس کے ساتھ ہمسری کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔
یہ آپ کے سوال کا بہت ہی مختصر سا جواب ہے، جس کی تفصیل کے لئے ایک ضخیم تصنیف کی ضرورت ہے۔
Share this article :
 

Copyright © 2011. Al Asir Channel Urdu Islamic Websites Tarjuman Maslak e Deoband - All Rights Reserved
Template Created by piscean Solutions Published by AL Asir Channel
Proudly powered by AL Asir Channel