آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد جو لوگ مرتد ہوگئے
س… عبداللہ بن مسعود سے روایت ہے کہ رسول پاک نے فرمایا کہ: “میں حوض کوثر پر تمہارا پیش خیمہ ہوں گا، اور تم میں کے چند لوگ میرے سامنے لائے جائیں گے یہاں تک کہ میں ان کو (کوثر کا) پیالہ دینا چاہوں گا تو وہ لوگ میرے پاس سے کھینچ لئے جائیں گے، میں عرض کروں گا: اے میرے پروردگار! یہ لوگ تو میرے صحابی ہیں! تو خدا تعالیٰ فرمائے گا کہ: تم نہیں جانتے کہ انہوں نے تیرے بعد کیا کیا بدعتیں کی ہیں۔” (صحیح بخاری)
ابن عباس سے روایت ہے کہ رسول پاک نے فرمایا: “سب سے پہلے حضرت ابراہیم کو کپڑے پہنائے جائیں گے، اور ہوشیار رہو! چند آدمی میری امت کے لائے جائیں گے اس وقت میں کہوں گا: اے رب! یہ تو میرے صحابی ہیں! اللہ کی جانب سے ندا آئے گی کہ: تو نہیں جانتا انہوں نے تیرے بعد کیا کیا۔ یہ لوگ (اصحاب) تیرے (محمد) جدا ہونے کے بعد مرتد ہوگئے تھے۔” (صحیح بخاری)
مذکورہ بالا دو احادیث مبارکہ میں نے آپ کی خدمت میں عرض کیں، ان احادیث مبارکہ میں جن اصحاب کو صاف لفظوں میں مرتد اور بدعتی کہا گیا ہے، وہ اصحاب کون ہیں؟
ج… ان کا اولین مصداق وہ لوگ ہیں جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد مرتد ہوگئے تھے، اور جن کے خلاف حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے جہاد کیا، ان کے علاوہ وہ تمام لوگ بھی اس میں داخل ہیں جنہوں نے دین میں گڑبڑ کی، نئے نظریات اور بدعات ایجاد کیں۔
مرتد کی توبہ قبول ہے
س… ہمارے چچا نے آج سے تیس سال قبل ایک عیسائی عورت سے نکاح کیا تھا، اور ان کے پادری کی شرائط کو مانتے ہوئے دینِ اسلام کو چھوڑ کر عیسائی مذہب اختیار کرلیا تھا اور اپنا سابقہ اسلامی نام عبدالجبار ختم کرکے عیسائی نام پی ایل مارٹن رکھا تھا، ان کے تین لڑکے بھی ہیں جو اپنے آپ کو مسلم کہتے ہیں، لیکن ان کے نام عیسائیوں والے ہیں، اب ہمارے چچا کہتے ہیں کہ میں دوبارہ مسلمان ہوگیا ہوں اور انہوں نے اپنا سابقہ نام عبدالجبار پھر اختیار کرلیا ہے، اور وہ اب باقاعدگی سے فجر کی نماز اور جمعہ کی نماز بھی ادا کرتے ہیں، جبکہ ان کے جاننے والوں کا کہنا ہے کہ وہ مسجد میں آنے کا حقدار نہیں کیونکہ یہ شخص اب ساری عمر کے لئے مسلمان نہیں ہوسکتا۔ اس کی زوجہ نے بھی دینِ اسلام قبول کرلیا ہے اور اپنا اسلامی نام راحیلہ رکھا ہے، آپ سے التماس ہے کہ شریعت اور حدیث کی روشنی میں ارشاد فرمائیں کہ کیا یہ دونوں میاں بیوی اب مسلمان سمجھے جائیں گے یا نہیں؟
ج… جو شخص (نعوذ باللہ!) دینِ اسلام سے پھر جائے اور کوئی دوسرا مذہب اختیار کرلے وہ مرتد کہلاتا ہے، اور مرتد اگر سچے دل سے توبہ کرکے دوبارہ اسلام قبول کرلے تو اس کی توبہ صحیح ہے، اور وہ مسلمان ہی سمجھا جائے گا، اس لئے اگر آپ کے چچا نے بیوی بچوں سمیت اسلام قبول کرلیا ہے تو ان کے ساتھ مسلمانوں کا معاملہ کیا جائے، ان کو مسجد سے روکنا غلط ہے، ان کے لڑکوں کے نام تبدیل کرکے مسلمانوں کے نام رکھ دئیے جائیں اور پورے خاندان کو چاہئے کہ پنجگانہ نماز اور دین کے دیگر فرائض و واجبات کی پوری پابندی کریں اور دینی مسائل بھی ضرور سیکھیں۔