کیا مسلمان غیرمسلم کے جنازے میں شرکت کرسکتے ہیں
س… غیرمسلم، ہندو یا میگواڑ، بھنگی کے مردے کو مسلمانوں کا کاندھا دینا یا ساتھ جانا کیسا ہے؟
ج… اگر ان کے مذہب کے لوگ موجود ہوں تو مسلمانوں کو ان کے جنازے میں شرکت نہیں کرنی چاہئے۔
غیرمسلم کا مسلمان کے جنازہ میں شرکت کرنا اور قبرستان جانا
س… کیا کسی غیرمسلم کا مسلمان کے جنازے میں شرکت کرنا جائز ہے اور مسلمانوں کے قبرستان میں جانا صحیح ہے یا نہیں؟ کیونکہ اگر کوئی غیرمسلم کسی جنازے میں یا قبرستان میں جاتا ہے تو میرے نزدیک صحیح نہیں ہے کیونکہ غیرمسلم تو ناپاک ہوتا ہے اور اگر وہ پاک جگہ جائے تو وہ بھی ناپاک ہوجاتی ہے، اور مسلمان کے لئے ضروری ہے کہ وہ پاک اور صاف رہے اور جو شخص کلمہ گو نہیں یعنی مسلمان نہیں ہوتا وہ پاک نہیں ہوتا۔
ج… کوئی غیرمسلم، مسلمان کے جنازے میں شرکت کیوں کرے گا؟ باقی کسی غیرمسلم کے قبرستان جانے سے قبرستان ناپاک نہیں ہوتا، اور غیرمسلم پر ہمارے مذہب کے جائز احکام لاگو ہی نہیں ہوتے۔
غیرمسلم کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنا
س… کیا ایک غیرمسلم کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفنایا جاسکتا ہے؟
ج… غیرمسلم کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنا جائز نہیں۔
مسلمانوں کے قبرستان کے نزدیک کافروں کا قبرستان بنانا
س… کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ کسی کافر کا مسلمان کے قبرستان میں دفن کرنا تو جائز نہیں، لیکن مسلمانوں کے قبرستان کے متصل ان کا قبرستان بنانا جائز ہے یا کہ دور ہونا چاہئے؟
ج… ظاہر ہے کہ کافروں، مرتدوں کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنا حرام اور ناجائز ہے، اس طرح کافروں کے مسلمانوں کے قبرستانوں کے قریب بھی دفن کرنے کی ممانعت ہے، تاکہ کسی وقت دونوں قبرستان ایک نہ ہوجائیں، کافروں کی قبریں مسلمانوں کی قبروں سے دور ہونی چاہئیں تاکہ کافروں کے عذاب والی قبر مسلمانوں کی قبر سے دور ہو کیونکہ اس سے بھی مسلمانوں کو تکلیف پہنچے گی۔